۱۳۹۶/۲/۷   0:39  ویزیٹ:2397     استفتاءات: آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای


نماز گزار کے لباس کے احکام

 


سونے ،چاندی کا استعمال...............................فہرست...........................................اذان و اقامت


نماز گزار کے لباس کے احکام
 
س437۔ اگر مجھے اپنے لباس کے نجس ہو نے میں شک ہو اور میں اس میں نماز پڑھ لوں تو میری نماز باطل ہے یا نہیں ؟
 
ج۔ جس لباس کے نجس ہو نے میں شک ہو وہ پاک ہے اور اس میں نماز صحیح ہے۔
 
س438۔ میں نے جرمنی میں  کھال کی ایک پیٹی ( بیلٹ) خریدی کیا اس کو باندھ کر نماز پڑھنے میں کوئی شرعی اشکال ہے۔ اگر مجھے یہ شک ہو کہ یہ اصل  کھال کی ہے یا مصنوعی اور یہ کہ یہ تزکیہ شدہ حیوان کی  کھال کی ہے یا نہیں تو میری ان نمازوں کا کیا حکم ہے جو میں نے اس میں پڑھی ہیں ؟
 
ج۔ اگر یہ شک ہو کہ یہ طبیعی  کھال کی ہے یا نہیں تو اسے باندھ کر نماز پڑھنے میں کوئی حرج نہیں ہے۔ لیکن اگر طبیعی  کھال ثابت ہو نے کے بعد یہ شک ہو کہ وہ تزکیہ شدہ حیوان کی  کھال ہے یا نہیں ؟ تو وہ مردار کے حکم میں ہے مگر گزشتہ نمازیں صحیح ہوں گی۔
 
س439۔ اگر نماز گزار کو یہ یقین ہو کہ اس کے لباس و بدن پرنجاست نہیں ہے اور وہ نماز بجا لائے اور بعد میں معلوم ہو کہ اس کا بدن یا لباس نجس تھا تو اس کی نماز باطل ہے یا نہیں ؟ اور اگر وہ اثنائے نماز میں اس کی طرف متوجہ ہو جائے تو اس کا کیا حکم ہے ؟
 
ج۔ اگر وہ اپنے بدن یا لباس کے نجس ہو نے کا قطعی نہ جانتا ہو اور نماز کے بعد اسے نجاست کا علم ہو تو اس کی نماز صحیح ہے اور اس پر اعادہ یا قضا واجب نہیں ہے لیکن اگر وہ اثنائے نماز میں اس کی طرف متوجہ ہو جائے اور وہ نجاست کو بغیر ایسے فعل کے جو نماز کے منافی ہے ، دور کرسکتا ہو تو اس پر یہی واجب ہے کہ وہ نجاست دور کرے اور اپنی نماز تمام کرے گا لیکن اگر نماز کی شکل کو باقی رکھتے ہوئے نجاست دور نہیں کرسکتا اور وقت میں بھی گنجائش ہے تو نماز توڑنا اور نجاست دور کرنے کے بعد دوبارہ بجا لانا واجب ہے۔
 
س440۔ زید مراجع عظام میں سے ایک کا مقلد ہے وہ ایک زمانہ تک ایسے حیوان کی  کھال ، جس کا ذبح ہو نا مشکوک ہو اور جس میں نماز صحیح نہیں ہو تی ، میں نماز پڑھتا رہا۔ پس اس کے مرجع کی رائے کے مطابق اگر ایسے حیوان کی  کھال کے نماز میں استعمال پر،جس کا گوشت نہیں کھایا جاتا ، احتیاط واجب یہ ہے کہ نماز کا اعادہ کیا جائے تو کیا مشکوک التزکیہ حیوان کا بھی وہی حکم ہے جو غیر ماکول اللحم حیوان کا ہے ؟
 
ج۔ جس حیوان کا ذبح مشکوک ہو وہ نجاست میں مردار کے حکم میں ہے۔ اس کا کھانا حرام ہے اور اس ( کی کہا ل) میں نماز جائز نہیں ہے۔
 
س441۔ ایک عور ت نماز کے درمیان اپنے بعض بالوں کو کھلا ہو ا محسوس کرتی ہے اور فوراً چھپا لیتی ہے اس پر نماز کا اعادہ واجب ہے یا نہیں ؟
 
ج۔ اگر بال کھولنا جان بوجھ کر نہ رہا ہو تو اعادہ واجب نہیں ہے۔
 
س442۔ ایک شخص پیشاب کے مقام کو مجبوراً ڈھیلے یا کنکری ، لکڑی یا کسی اور چیز سے پاک کرتا ہے اور جب گھر لوٹتا ہے تو اسے پانی سے پاک کر لیتا ہے تو کیا نماز کے لئے داخلی لباس کا بدلنا پاک کرنا بھی واجب ہے ؟
 
ج۔ اگر پیشاب کے مقام کی رطوبت سے لباس نجس نہ ہو ا ہو تو اس پر لباس پاک کرنا واجب نہیں ہے۔
 
س443۔ بیرون ملک سے جو بعض صنعتی آلات منگائے جاتے ہیں وہ غیر ملکی ماہروں کے ذریعہ فٹ کئے جاتے ہیں جو اسلامی فقہ کے اعتبار سے کافر اور نجس ہیں اور یہ معلوم ہے کہ ان آلات کی فٹنگ تیل اور دوسری چکنائی وغیرہ لگا کر ہاتھ کے ذریعہ انجام پاتی ہے نتیجہ یہ ہے کہ وہ آلات پاک نہیں ہو تے کام کے دوران ان آلات سے کاریگروں کا لباس اور بدن مس ہو تھے اور وہ کام کے دوران مکمل طور سے لباس و بدن کو پاک نہیں کرسکتے تو نماز کے سلسلہ میں ان کا فریضہ کیا ہے ؟
 
ج۔ ممکن ہے کہ آلات کو فٹ کرنے والا اہل کتاب میں سے ہو جو کہ پاک کھلاتے ہیں یا کام کے وقت وہ دستانہ پہنے ہوئے ہو۔ پس صرف کافر کے کام کرنے سے جگہ اور آلات کے نجس ہو نے کا یقین حاصل نہیں ہو تا۔بالفرض اگر کام کے دوران آلات، بدن اور لباس کے نجس ہو نے کا یقین حاصل ہو گیا تو نماز کے لئے بدن کا پاک کرنا اور لباس کا پاک کرنا یا بدلنا واجب ہے۔
 
س444۔ اگر نماز گزار خون سے نجس رومال یا اس جیسی کوئی نجس چیز اٹھائے یا اسے جیب میں رکھے ہو تو اس کی نماز صحیح ہے یا باطل؟
 
ج۔ اگر رومال اتنا چھو ٹا ہو جس سے شرم گاہ نہ چھپائی جا سکے تو اس میں کوئی حرج نہیں ہے۔
 
س445۔ کیا اس کپڑے میں نماز صحیح ہے جو آج کل کے ایسے عطر سے معطر کیا گیا ہو جس میں الکحل پایا جاتا ہے ؟
 
ج۔ جب تک مذکورہ عطر کی نجاست کا علم نہ ہو اس سے معطر کپڑے میں نماز پڑھنے میں کوئی حرج نہیں ہے۔
 
س446۔ حالت نماز میں عورت پر کتنا بدن چھپانا واجب ہے ؟ کیا چھوٹی آستین والے لباس پہننے اور جوراب میں کوئی حرج ہے ؟
 
ج۔ معیار یہ ہے کہ چھرے کی اتنای مقدار جس کا وضوء میں دھو نا واجب ہے اور گٹوں تک دونوں ہا تھوں اور دونوں پیروں کو چھوڑ کر پورے بدن کو چھپائے چاہے وہ پردہ ایرانی ہی جیسا ہو۔
 
س447۔ حالت نماز میں عورتوں پر قدموں کو چھپانا بھی واجب ہے یا نہیں ؟
 
ج۔ پنڈلیوں ( کی ابتداء) تک دونوں قدموں کا چھپانا واجب نہیں ہے۔
 
س448۔ کیا حجاب پہنتے وقت اور نماز میں ٹھڈی کو مکمل طور پر چھپانا واجب ہے یا نچلے حصہ ہی کو چھپانا کافی ہے یا ٹھڈی کا اس لئے چھپانا واجب ہے کہ وہ چھرہ کی اس مقدار کا مقدمہ ہے جس کا چھپانا شرعاً واجب ہے ؟
 
ج۔ ٹھڈی کا نچلا حصہ چھپانا واجب نہ کہ ٹھڈی کا چھپانا کیونکہ وہ چھرے کا جزو ہے۔
 
س449۔ ایسی نجس چیز ( مثلاً رومال یا ٹوپی وغیرھ) جس میں نماز نہیں ہو تی ، اس کے ساتھ نماز کے صحیح ہو نے کا حکم صرف اس حالت سے مخصوص ہے جب انسان بھولے سے اس میں نماز پڑھ لے یا اس کے حکم یا موضوع کو نہ جانتے ہوئے نماز پڑھ لے یا پھر یہ حالت شبہ موضوعیہ یا شبیہ حکمیہ دونوں میں عام ہے ؟
 
ج۔ یہ حکم نسیان یا جہا لت حکمی یا موضوعی دونوں سے مخصوص نہیں ہے بلکہ نجس شدہ غیر ساتر لباس میں جس میں نماز نہیں ہو تی ، حتیٰ علم یا توجہ ہو جانے کی صورت میں بھی نماز پڑھنا جائز ہے۔
 
س450۔ کیا نماز گزار کے لباس پر بلی کے بال یا اس کے لعاب دھن کا وجود نماز کے باطل ہو نے کا سبب ہے ؟
 
ج۔ ہاں نماز کے باطل ہو نے کا سبب ہے۔


سونے ،چاندی کا استعمال...............................فہرست...........................................اذان و اقامت