۱۳۹۶/۲/۷
0:43
ویزیٹ:2860
استفتاءات: آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای
سجدہ کے احکام |
|
س497۔ سیمنٹ اور موزائیک (ٹائلز)پر سجدہ اور تیمم کرنے کا کیا حکم ہے ؟
ج۔ ان دونوں پر سجدہ کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے لیکن تیمم محل اشکال ہے اور احتیاط واجب یہ ہے کہ نہ کیا جائے۔
س498۔ کیا حالت نماز میں اس موزائیک (ٹائل)پر ہاتھ رکھنے میں کوئی اشکال ہے جس میں چھوٹے چھوٹے سوراخ ہوں ؟
ج۔ مذکورہ فرض میں کوئی اشکال نہیں ہے۔
س499۔ کیا مٹی کی اس سجدہ گاہ پر سجدہ کرنے میں کوئی اشکال ہے جو میل سے کالی ہو گئی ہو اس طرح کہ اصل خاک اس میل کی پرت سے چھپ گئی ہو اور پیشانی اور خاک کے درمیان حائل ہو ؟
ج۔ اگر سجدہ گاہ پر اتنا زیادہ میل ہو جو پیشانی اور سجدہ گاہ کی خاک کے درمیان حاجب بن جائے تو اس پر سجدہ باطل ہے اور اسی طرح نماز بھی (باطل ہے )
س500۔ ایک عورت سجدہ گاہ پر سجدہ کرتی ہے اور اس کی پیشانی خاص کر سجدہ کی جگہ حجاب سے چھپی ہوئی ہے ، تو کیا اس پر ان نمازوں کا اعادہ واجب ہے ؟
ج۔ اگر وہ سجدہ کے وقت اس حائل کی طرف متوجہ نہ تھی تو اس پر نمازوں کا اعادہ واجب نہیں ہے۔
س501۔ ایک عورت سجدہ گاہ پر اپنا سر رکھتی ہے اور یہ محسوس کرتی ہے کہ اس کی پیشانی مکمل طور پر خاک سے مس نہیں ہوئی ہے ، گویا چادر یا رومال حائل ہے جو مکمل طور پر سجدہ گاہ سے مس نہیں ہو نے دے رہا ہے۔ لہذا وہ اپنا سر اٹھا تی ہے اور حائل چیز کو ہٹ ا کر دوبارہ خاک پر اپنا سر رکھتی ہے اس مسئلہ میں کیا حکم ہے ؟اگر اس کے بعد والے کو مستقل سجدہ فرض کیا جائے تو اس کے ساتھ پڑھی جانے والی نمازوں کا کیا حکم ہے ؟
ج۔ اس پر واجب ہے کہ زمین سے اٹھائے بغیر پیشانی کو اتنای حرکت دے کہ وہ خاک تک پہنچ جائے اور اگر سجدہ گاہ پر سجدہ کرنے کے لئے زمین سے پیشانی اٹھا نا لاعلمی اور فراموشی کی وجہ سے ہو اور یہ کام وہ ایک ہی رکعت کے دو سجدوں میں سے ایک میں انجام دیتی ہو تو اس کی نماز صحیح ہے اور اعادہ واجب نہیں ہے لیکن اگر وہ سجدہ گاہ پر سجدہ کرنے کے لئے جان بوجھ کر سر اٹھا تی ہے یا ہر رکعت کے دونوں سجدوں میں ایسا کرتی ہے تو اس کی نماز باطل ہے اور اس پر نماز کا اعادہ واجب ہے۔
س502۔ حالت سجدہ میں ساتوں اعضاء سجدہ کو زمین پر رکھنا واجب ہے لیکن ہمارے لئے یہ مقدور نہیں ہے کیونکہ ہم جنگی زخمیوں میں سے ہیں جو متحرک کرسی سے استفادہ کرتے ہیں۔ نماز کے لئے ہم یا سجدہ کو پیشانی تک ملاتے ہیں یا سجدہ گاہ کو کرسی کے بازو پر رکھ کر اس پر سجدہ کرتے ہیں کیا ہمارا اس طرح سجدہ کرنا صحیح ہے ؟
ج۔ اگر آپ کرسی کے دستہ پر سجدہ گاہ رکھ کر اس پر سجدہ کرسکتے ہیں تو ایسا ہی کریں اور آپ کی نماز صحیح ہے ورنہ جو طریقہ بھی آپ کے لئے ممکن ہو مثلاً اشارہ یا ایماء ہی سے رکوع و سجود کریں اس میں کوئی اشکال نہیں ہے۔ اللہ آپ لوگوں کو مزید توفیق عطا کرے۔
س503۔ مقامات مقدسہ کی زمین پر بچھائے گئے سنگ مرمر پر سجدہ کرنے کا کیا حکم ہے ؟
ج۔ سنگ مرمر پر سجدہ کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے۔
س504۔ سجدہ کی حالت میں انگوٹھے کے علاوہ پیر کی بعض دیگر انگلیوں کے زمین پر رکھنے کا کیا حکم ہے ؟
ج۔ اس میں کوئی حرج نہیں ہے۔
س505۔کچھ دنوں پہلے نماز کے لئے ایک سجدہ گاہ بنائی گئی ہے جسے ’ مہرامین‘ کہتے ہیں۔ اس کا فائدہ یہ ہے کہ وہ نماز گزار کی رکعتوں اور سجدوں کو شمار کرتی ہے اور ایک حد تک شک کو رفع کرتی ہے۔ یہ معلوم ہے کہ جس کمپنی نے اس سجدہ گاہ کو بنایا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ مراجع تقلید نے اس پر سجدہ کی اجازت دی ہے۔ اس وقت وہ نیچے کی طرف حرکت کرتی ہے اس لئے کہ اس کے نیچے لوہے کی ایک اسپرنگ ہے۔ کیا ایسی صورت میں اس پر سجدہ صحیح ہے۔
ج۔ اگر یہ ان چیزوں میں سے ہے جن پر سجدہ کرنا صحیح ہے اور پیشانی رکھنے اور اس پر دباؤ پڑنے کے بعد وہ ثابت ہو جاتی ہے اور ٹھہر جاتی ہے تواس پر سجدہ کرنے میں کوئی اشکال نہیں ہے۔
س506۔ سجدوں کے بعد بیٹھتے وقت ہم کس پیر کو دوسرے پیر کے اوپر رکھیں ؟
ج۔ داہنے پیر کو بائیں پیر کے باطنی حصہ پر رکھنا مستحب ہے۔
س507۔ رکوع و سجود میں واجب ذکر کے بعد کون سا ذکر بہتر و افضل ہے ؟
ج۔ واجب ذکر ہی کی اتنای تکرار کرے کہ وہ طاق پر تمام ہو جائے (مثلاً 3، 5، 7، 9) اس کے علاوہ سجود میں دنیوی و اخروی حاجات طلب کرنا بھی مستحب ہے۔
س508۔ اگر قاری سامنے نہ ہو بلکہ ذرائع ( مثلاً ریڈیو اور ٹیپ ریکارڈ) کے ذریعہ وہ آیات نشر ہو رہی ہو جن میں سجدہ واجب ہے تو ان کو سننے کے بعد شرعی فریضہ ہے ؟
ج۔ ٹیپ ریکارڈ وغیرہ کے ذریعہ آیات سجدہ کے سننے سے سجدہ واجب نہیں ہو تا ہے ، لیکن اگر ریڈیو اور لاؤڈ اسپیکر سے براہ راست زندہ تلاوت نشر ہو رہی ہے ، تو بنا بر احتیاط سجدہ واجب ہے۔
→ذکر...........................................................فہرست.....................................نماز میں سلام کے احکام←
|
|