۱۳۹۶/۲/۷   3:10  ویزیٹ:2029     استفتاءات: آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای


متفرقات نماز

 


فہرست

متفرقات نماز
 
س739۔ وہ کون سا طریقہ ہے جس سے گھر والوں کو نماز صبح کے لئے بیدار کرنا جائز ہو ؟
 
ج۔ اس سلسلے میں گھر کے افراد کے لئے کوئی خاص طریقہ نہیں ہے۔
 
س740۔ ان لوگوں کے روزہ و نماز کا کیا حکم ہے جو مختلف پارٹیوں اور گروہوں سے تعلق رکھتے ہیں اور بلاسبب ایک دوسرے پر شک یا ایک دوسرے سے حسد کرتے ہیں بلکہ ایک دوسرے سے عداوت رکھتے ہیں ؟
 
ج۔ مکلف کے لئے دوسروں کے بارے میں بغض و حسد اور عداوت کا اظہار کرنا جائز نہیں ہے لیکن یہ روزہ و نماز کے باطل ہو نے کا سبب نہیں ہے۔
 
س741۔ اگر محاذ جنگ پر قتال کرنے والا شدید حملوں کی و جہ سے سورہ فاتحہ نہ پڑھ سکے یا سجود یا رکوع نہ کرسکے تو کیسے نماز پڑھے گا؟
 
ج۔ جیسے ممکن ہو پڑھے اور جب رکوع و سجود کرنے پر قادر نہ ہو تو دونوں کو اشارہ سے بجا لائے گا۔
 
س742۔ والدین پر بچہ کو کس سن میں احکام و عبادات شرعی کی تعلیم دینا واجب ہے ؟
 
ج۔ ولی کے لئے مستحب ہے کہ جب بچہ سن تمیز کو پہنچ جائے تو اسے شریعت کے احکام و عبادات کی تعلیم دے۔
 
س743۔ بعض بسوں کے ڈرائیور جو ایک شہر سے دوسرے شہر جاتے ہیں ، مسافروں کی نماز کو اہمیت نہیں دیتے ہیں وہ سواریوں کے کہنے پر بس نہیں روکتے کہ وہ لوگ اتر کر نماز پڑھ سکیں لہذا بسا اوقات ان کی نماز قضا ہو جاتی ہے ، اس سلسلہ میں بس ڈرائیوروں کی کیا ذمہ داری ہے ؟ اور ایسی صورت میں اپنی نماز کے سلسلہ میں سواریوں کا کیا فریضہ ہے ؟
 
ج۔ سواریوں پر واجب ہے کہ جب انہیں نماز کے قضا ہو جانے کا خوف ہو تو اس وقت کسی مناسب جگہ پر ڈرائیور سے بس روکنے کا مطالبہ کریں اور ڈرائیور پر واجب ہے کہ وہ مسافروں کے کہنے پر بس روک دے۔ لیکن اگر وہ معقول عذر کی بنا پر بلاسبب گاڑی نہ روکے اور وقت ختم ہو جانے کا خوف ہو تو اس وقت چلتی گاڑی میں نماز پڑھیں اور قبلہ ، قیام ، رکوع اور سجود کہ جہاں تک ہو سکے رعایت کریں۔
 
س744۔ یہ جو کہا جاتا ہے کہ ’ شراب خوار کا روزہ و نماز چالیس دن تک ( قبول) نہیں ہے ‘ کیا اس کا مطلب یہ ہے کہ اس مدت میں اس پر نماز پڑھنا واجب نہیں ہے اور وہ اس مدت کے بعد فوت ہو جانے والی نمازوں کی قضا بجا لائے؟ یا اس کا مطلب یہ ہے کہ قضا و ادا دونوں واجب ہے ؟ یا پھر اس کا مقصد یہ ہے کہ اس پر قضا واجب نہیں ہے بلکہ ادا کافی ہے لیکن اس کا ثواب دوسری نمازوں سے کم ہے ؟
 
ج۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ شراب خواری نماز، روزہ کی قبولیت میں مانع ہے نہ کہ اس کی وجہ سے شراب خوار سے نماز، روزہ کا فریضہ ہی ساقط ہو جائے گا۔
 



س745۔ اس وقت میرا شرعی فریضہ کیا ہے جب میں کسی شخص کو نماز کے کسی فعل کو غلط بجا لاتے ہوئے دیکھتا ہوں ؟
 
ج۔ اس سلسلہ میں آپ پر کوئی ذمہ داری نہیں ہے مگر یہ کہ جب وہ حکم سے ناواقف ہو نے کی بنا پر کوئی غلطی کرے تو احتیاط یہ ہے کہ اس کی ہدایت کریں۔
 
س746۔ نماز سے فراغت کے بعد نماز گزاروں کے مصافحہ کرنے کے سلسلے میں آپ کا کیا نظریہ ہے ؟ اس بات کی وضاحت کر دینا بھی مناسب ہے کہ بعض بڑے علماء کہتے ہیں کہ اس موضوع سے متعلق آئمہ معصومین علیہم السلام سے کوئی حدیث وارد نہیں ہوئی ہے ، پس معلوم ہو تا ہے کہ مصافحہ کرنے کا کوئی محرک نہیں ہے لیکن ہم سمجھتے ہیں کہ مصافحہ سے نماز گزاروں کی دوستی اور محبت میں اضافہ ہو تا ہے ؟
 
ج۔ سلام اور نماز سے فراغت کے بعد مصافحہ کرنے میں کوئی اشکال نہیں ہے اور بالعموم مومنین سے مصافحہ کرنا مستحب ہے۔
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید